
تہران : ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل کو ایران کے خلاف حملوں کا جوابدہ نہ ٹہرایا گیا تو خطہ ہی نہیں پوری دنیا کو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے۔ برازیل میں برکس سربراہ اجلاس سے خطاب میں عباس عراقچی نے ایران کےخلاف امریکی اور اسرائیلی جارحیت کو سفارت کاری، قانون کی حکمرانی اور عدم پھیلاؤ کے معاہدے این پی ٹی کیلئے سخت دھچکا قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی پرامن جوہری تنصیبات کو نشانہ بنا کر امریکا نے اسرائیلی جارحیت میں اپنی شمولیت کے بارے میں کوئی شک نہیں چھوڑا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کا یہ عمل امریکہ اور بعض دیگر یورپی ریاستوں کی طرف سے خطے میں ہر مظالم کرنے کے لیے حاصل مکمل استثنیٰ کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایران پر اسرائیلی جارحیت کو کسی بھی قانونی یا اخلاقی معیار سے جائز قرار نہیں دیا جا سکتا اور نہ ہی ہونا چاہیے۔ اس غیر منصفانہ اور مجرمانہ جنگ کا کوئی بھی جواز سازش کے مترادف ہو گا۔


































