
تہران : ایرانی وزارت خارجہ نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز میں قرارداد کے بانی ملکوں کو ایرانی اقدامات کے نتائج کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قرارداد پر ایران کا جواب ٹھوس اور مناسب ہوگا۔ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کی ایران مخالف قرارداد، چین اور روس کی شدید مخالفت کے باوجود منظور کی گئی۔ قرارداد کے حق میں 30 جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ پڑے جبکہ پاکستان، ہندوستان اور لیبیا نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ ایران نے ایٹمی توانائی ایجنسی کے غیر تعمیری رویے اور ایران مخالف قرارداد کی منظوری کے بعد کچھ جوابی اقدام کئے ہیں جن میں جدید ترین سینٹری فیوج مشین کی تنصیب اور آئی اے ای کے مانیٹرنگ کیمروں اور فلومیٹر سسٹم کا بند کردیا جانا شامل ہے ۔ وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ امریکا اور تین یورپی ممالک نے ایک ایسے ملک کے خلاف جس کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کیلئے ہے، غلط مشوروں اور غلط اندازوں کی بنیاد پر جانبدارانہ اور آئی اے ای اے کے دائرہ کار سے بالا تر ہو کر ایک قرارداد منظور کی۔ اس اقدام کے تمام تر نتائج کی ذمہ داری انہی ملکوں پر عائد ہو گی اور ایران مناسب اور سخت جواب دے گا۔


































