
نیویارک: اقوام متحدہ کے عالمی غذائی پروگرام نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں بھوک کا بحران غیر معمولی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ ڈبلیو ایف پی کے ڈپٹی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کارل سکاؤ نے غزہ کے چوتھے دورے کے بعد اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ صورتحال اس سے کہیں زیادہ بدتر ہے جسے میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی ضروریات کبھی اتنی زیادہ نہیں تھیں اور نہ ہی اقوام متحدہ کی مدد کرنے کی صلاحیتیں کبھی محدود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ غذائیت کا بحران بڑھ رہا ہے 90 ہزار بچوں کو غذائی قلت کے علاج کی فوری ضرورت ہے۔ غزہ میں تین میں سے ایک شخص بغیر کھائے دن گزارتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رسائی کی پابندیوں کی وجہ سے انسانی ہمدردی کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔


































