
ہانگ کانگ : ہانگ کانگ نے چین کے اعتراض کے بعد تعلیمی نصاب میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا۔ نئی نصابی کتابوں سے وہ اسباق حذف کردیے جائیں گے جن میں ہانگ کانگ کو برطانوی کالونی بتایا جاتا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں جمہوریت پسندی کی تحریک کی وجہ اسکول میں پڑھائے جانے والے یہی مضامین ہیں۔ نئے اسباق میں بچوں کو پڑھایا جائے گا کہ چینی حکومت نے اُن معاہدوں کی توثیق ہی نہیں کی تھی جن سے ہانگ کانگ برطانیہ کی کالونی بنا۔ یہ معاہدے 1997 میں ختم ہوگئے تھے جب برطانیہ نے ہانگ کانگ کو دوبارہ چین کے حوالے کردیا تھا۔ نئی کُتب میں چین کا بیانیہ شامل ہوگا، 2019 کے دوران ہانگ کانگ میں ہونے والی احتجاجی تحریک سے متعلق چین نے کہا تھا کہ یہ بیرونی طاقتوں کی طرف سے چلائی جارہی ہے۔نصاب اور تعلیمی نظام کی تجدید نو میں قومی سلامتی اور حب الوطنی پر زیادہ توجہ دی جائے گی، اساتذہ کو تلقین کی گئی ہے کہ قومی سلامتی قانون کی خلاف ورزی کے مرتکب طلبہ کی اطلاع متعلقہ حکام کو فراہم کریں۔


































