
مکہ مکرمہ : امام کعبہ شیخ ڈاکٹر فیصل غزاوی نے کہا کہ ہم جنس پرستی انسانی فطرت کے خلاف ہے اور اس کا تہذیب سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ شیخ فیصل غزاوی نے مسجد حرام میں خطبہ جمعہ میں کہا کہ اللہ تعالی نے اپنے بندوں کو درست جبلت پر ہی پیدا کیا ہے۔ اور مرد اور عورت کے درمیان انسانی نکاح کو ایک عالمی قانون بنایا ہے لیکن شیطان بندے کے لیے یہ چاہتا ہے کہ وہ حدود الٰہی سے تجاوز کر جائے اور ناگوار کام میں مبتلا ہو جائے۔ امام کعبہ نے متنبہ کیا کہ آج صورت حال اس قدر بگڑ گئی ہے کہ انسان فطرت سے ٹکرا گیا۔ مرد کو مرد اور خاتون کو خاتون کے ساتھ شادی کرنے کے قانون منظور کیے جا رہے ہیں۔ حتیٰ کے جانوروں کے ساتھ شادی تک کو درست کہا جارہا ہے۔ یہ جنسی بگاڑ اور کج روی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیطان نے انسان کے لیے ہر قسم کی فحاشی کو ترقی اور تہذیب بنا دیا ہے۔ اس قدر بگاڑ آگیا ہے کہ ہم جنس پرستی کی مخالفت کرنے والے کو پسماندہ اور انتہا پسند سمجھا جانے لگا ہے۔ امام کعبہ نے کہا کہ جبلتیں پلٹ گئیں اور انسان پاکیزگی کے مقابلہ میں بے حیائی اور نیکی کے مقابلے میں برائی کا شکار ہوگئے۔ اخلاقی گراوٹ نے انسانیت کو حیوانیت کے گڑھے میں پھینک دیا ہے۔


































