
تہران : سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان تاریخی دورے پر تہران پہنچے اور تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ شہزادہ فیصل بن فرحان تہران پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ کا گذشتہ کئی سالوں میں یہ پہلا دورہ ایران ہے۔ شہزادہ فیصل نے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات کی اور وزارت خارجہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ تہران میں سعودی سفارتخانہ کھولنے کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب کے بعد صدر ابراہیم رئیسی سے بھی ملاقات کریں گے۔ رواں برس مارچ میں چین کی ثالثی میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق ہوا تھا۔


































