
نئی دہلی: ہندوستان کی ہندوانتہا پسند تنظیم راشٹریہ سویم سنگھ نے مسلم وقف کے بعد کیتھولک چرچ کی اراضی پر نظریں گاڑ لیں۔آر ایس ایس سے وابستہ ویب پورٹل آرگنائزر نے ہندوستان میں کس کے پاس زیادہ زمین ہے کے عنوان سے مضمون شائع کیا ہے جس میں کیتھولک چرچ کو ہندوستان کا سب سے بڑا غیر سرکاری زمیندار قرار دیا گیا ہے۔ مضمون میں دعویٰ کیا گیاہے کہ چرچ کے پاس سات کروڑ ہیکٹر اراضی ہے اور اس کی مالیت بیس ہزار کروڑ روپے سے زائد ہے۔مضمون میں 2012 کے اعداد وشمار کے مطابق چرچ کے 2457 اسپتالوں۔240 میڈیکل اور نرسنگ کالجز۔ 31 کالجز۔ چودہ ہزار کے قریب سیکنڈری۔پرائمری اور نرسری اسکولوں کی فہرست دی گئی ہے۔ مضمون میں دعویٰ کیا گیاہے کہ کئی ایسے معاملات سامنے آئے ہیں جہاں قبائلی زمینیں جو کبھی مقامی برادریوں سے تعلق رکھتی تھیں، آہستہ آہستہ مختلف بہانوں سے چرچ حکام کو منتقل کر دی گئی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ آرگنائزر نے ردعمل کے خوف سے مضمون کو شائع ہونے کے فوری بعد حذف کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ایک دن پہلے ہی کہا تھا کہ آر ایس ایس کو وقف بل کے بعد عیسائیوں کی طرف آنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔


































