
اجمیر: بھارت میں ہندوانتہاپسندوں نے راجستھان میں خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کی درگاہ پر مندر ہونے کا دعویٰ کردیا ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کی درگاہ ہندوستان میں مذہبی رواداری کی علامت سمجھی جاتی ہے جس کو ہندوتوا تنظیموں نے اب ہدف بنا لیا ہے۔درگاہ کے خدام کی انجمن کے صدر سرور چشتی نے دعویٰ کو بے بنیاد اور بے ہودہ قرار دے دیاہے۔ ہندوشکتی دل نے مزار کے سامنے مظاہرہ کیا اور درگاہ ختم کرکے مندر تعمیر کا کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہندو فریق کا دعویٰ ہے کہ درگاہ شیو مندر کو گرا کر بنائی گئی ہے جس کے تحقیق کے لیے حکومت سروے کرائے۔ درگاہ کے خدام کی انجمن کے صدر سرور چشتی نے دعویٰ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں محبت اور مذہبی رواداری کی علامت کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک ہے اور ایسے عناصر کیخلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔


































