
بیروت : حزب اللہ نے دو ٹوک اعلان کیا ہے کہ دنیا بھر کی فوجیں غزہ کے خلاف صف آرا ہوجائیں تو بھی حزب اللہ غزہ کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔ حزب اللہ کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب سربراہ شیخ نبیل قاؤق نے کہا کہ سرحد کے قریب حزب اللہ کی تازہ کارروائیوں نے ثابت کر دیاہے کہ غزہ تنہا نہیں ہے۔ یمن، عراق، شام اور لبنان میں مزاحمت کار اپنے ہتھیاروں اور خون سے محصور فلسطینی سرزمین کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کی بحری فوج کی تیاری کے باوجود حزب اللہ غزہ کی حمایت کے اپنے فرض سے دستبردار نہیں ہوئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر دنیا کی تمام افواج کے بحری بیڑے اکٹھے ہو جائیں تو بھی حزب اللہ نہ تو غزہ کی حمایت ترک کرے گی اورنہ ہی لبنانی قوم کی حفاظت سے پیچھے ہٹے گی۔انہوں نے حماس کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ مسلح مزاحمت ہی اسرائیل کا مقابلہ کرنے کا واحد راستہ ہے۔


































