
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ آج ہم غزہ میں استقامت کی جس چوٹی کا مشاہدہ کر رہے ہیں وہ قرآن فہمی اور قرآن پر عمل کا نتیجہ ہے۔ خداوند عالم کے فضل و کرم سے فلسطینی مزاحمت، صیہونیوں کو دھول چٹا کر رہے گی۔ ولی امرمسلمین نے محفل انس با قرآن سے خطاب کیا۔ تقریب کے آغاز میں بعض قاریوں نے قرآن مجید کی تلاوت کی جبکہ غزہ کے عوام خاص طور پر غزہ کے بچوں کی مزاحمت اور ان کی قرآن کی تلاوت کی کلپس بھی دکھائي گئيں۔ ولی امر مسلمین نے کہا کہ صیہونیوں کو طرح طرح کے ہتھیار اور امریکی و مغربی امداد حاصل ہے لیکن غزہ کے عوام بے مثال صبر اور استقامت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور مجاہدین کی مزاحمت کی وجہ سے دشمن اب تک کچھ بھی نہیں بگاڑ پایا ہے اور غزہ کے استقامتی محاذ کے تقریباً نوے فیصد وسائل اور توانائي محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج غزہ میں ہم ایک طرف حیوانیت اور ظلم کی انتہا کا مشاہدہ کر رہے ہیں اور دوسری طرف استقامت اور مزاحمت کی سب سے اعلیٰ چوٹی بھی دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے غزہ میں بھوک اور پیاس کے ذریعے بچوں اور نوزائیدہ بچوں کے قتل جیسے عدیم المثال جرائم کو مغربی تمدن بے نقاب کرنے والا قرار دیا۔ ولی امر مسلمین کا کہنا تھا کہ غزہ کے عوام کی مدد عالم اسلام کا ایک دینی فریضہ ہے ۔ صیہونی دشمن کی کسی بھی طرح کی مدد مسلّمہ طور پر حرام اور حقیقی جرم ہے اور افسوس کہ بعض اسلامی حکومتیں اور ممالک یہ کام کر رہے ہیں لیکن ایک دن وہ ضرور نادم ہوں گے اور اپنی اس غداری کی سزا بھگتیں گے۔


































