
غزہ : غزہ کے جنوبی علاقے میں موسم سرما کی دوسری بڑی بارش نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات مزید بڑھادیں۔ فلسطینیوں کے خیمے اور پناہ گزین کیمپ پانی میں ڈوب گئے۔ خان یونس کے ساحلی علاقے المواسی میں کئی خیمے بارش سے تباہ ہوگئے جبکہ تیز ہواؤں نے متعدد خیموں کو اڑا دیا۔
خان یونس میونسپلٹی کے ترجمان صائب لوقان نے بتایا کہ شہر کی صورتحال انتہائی تباہ کن ہے کیونکہ اسرائیلی جنگ نے بیشتر سڑکوں، پانی اور سیوریج کے نظام کو برباد کر دیا ہے۔ خراب موسم کے باعث خان یونس کے لگ بھگ نو لاکھ لوگ المناک حالات سے دوچار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بلدیاتی ٹیمیں ناکافی وسائل کے باوجود متاثرہ شہریوں کی مدد کی کوشش کر رہی ہیں۔ غزہ کی حکومت کے میڈیا آفس کے مطابق علاقے میں 15 لاکھ سے زائد فلسطینی بے گھر ہیں، جو بنیادی سہولیات کی شدید کمی اور اسرائیلی محاصرے کے باعث انتہائی کٹھن حالات میں زندگی گزار رہے ہیں۔


































