
غزہ : غزہ پر مسلط جنگ کو ایک سو نو روز ہوگئے۔ خان یونس میں صیہونی فوج نے درندگی کی انتہا کردی۔ فوجیوں نے ہر متحرک چیز کو نشانہ بنایا۔ اسپتالوں، ایمبولینسوں اور اسکولوں پر بم برسائے اور راکٹ داغے۔ جس سے بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے۔ العمل اسپتال اور ایمبولینس سینٹر کے قریب حملوں میں بھی متعدد فلسطینی شہید ہوئے۔ محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 190 افرادشہید اور 340 زخمی ہوئے۔ خان یونس میں مزاحمت کاروں نے قابض فوجیوں کو بھرپور جواب دیا اور چوبیس گھنٹوں میں چوبیس فوجی مار دئے۔ جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ مرنے والوں میں دس افسران بھی شامل ہیں۔ مزاحمت کاروں نے دو مکانات کو دھماکوں سے اڑا دیا جس میں فوجیوں نے ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ اسرائیل فوج نے ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے اور اسے تکلیف دہ دن قرار دیا ہے۔ ادھر غزہ میں شہداء کی تعداد پچیس ہزار پانچ سو سے بڑھ گئی۔


































