
اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمن سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جمہوریت سے متعلق سربراہی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کے فیصلے کے بارے میں پاکستان کے موقف کی وضاحت کی۔وزیر خارجہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ کو بتایا کہ پاکستان بڑے ممالک کی طاقت کی سیاست میں فریق نہیں بنے گا، شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا کہ وہ امریکی نائب وزیر خارجہ کے ساتھ اپنی گفتگو سے مطمئن ہیں انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ وینڈی شرمن نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو افغان امور سے آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا،وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے امریکا سے درخواست کی ہے کہ وہ اسے مشکل میں نہ ڈالے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکا ایک اہم ملک ہے اور رہے گا، ہمارے تعلقات میں بہت سے اتار چڑھاؤ آئے لیکن جب بھی دونوں ملک مل کر کام کرتے ہیں تو دونوں کو فائدہ ہوتا ہے،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں جو کردار ادا کیاہے اسے دنیا تسلیم کرتی ہے۔


































