
بیروت: حماس نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ جب تک اسرائیل غزہ کے خلاف اپنی جارحیت نہیں روکتا اسرائیل کے مغوی فوجیوں کی رہائی کے معاملے پر بات نہیں ہو سکتی۔ حماس کے عہدے دار اسامہ حمدان نے بیروت میں نیوز کانفرنس میں کہاکہ اسرائیلی مغویوں کی رہائی کا معاملہ فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے بدلے میں ہی ہو سکتا ہے۔ تاہم اس موضوع کہ اسرائیلی فوجیوں کو چھوڑ دیا جائے ہم اس وقت تک بات بھی نہیں کریں گے جب تک اسرائیل غزہ پر اپنی جارحیت کا خاتمہ نہیں کرتا۔ حمدان نے انکشاف کیا کہ کئی بین الاقوامی جماعتوں نے حماس کے ساتھ غیر ملکی قیدیوں کے بارے میں بات کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اسرائیل نے حماس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے غزہ پر زمینی حملے کی دھمکی دی ہے اور غزہ کی سرحدوں پر اپنی افواج کو متحرک کردیا ہے۔ اسامہ حمدان نے خبردار کیا کہ اگر اسرائیل نے زمینی راستے سے غزہ پرحملہ کرنےکا فیصلہ کیا تو سات اکتوبر کو جو کچھ ہوا وہ بڑا سادہ دکھائی دے گا۔


































