
دوحہ : حماس نے امریکی صدر ٹرمپ سے غزہ جنگ رکوانے کیلئے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئےکہا ہے کہ غزہ میں فوری انسانی امداد کی بحالی کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالا جائے۔ حماس کے سینیئر اہلکار ڈاکٹر باسم نعیم نے امریکی صدر سے جنگ بندی کیلئے اپنا بین الاقوامی اثر و رسوخ استعمال کرنے پر زور دیا۔ باسم نعیم نے یوکرین، ایران اور جنوبی ایشیا میں پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب تک غزہ میں اسرائیلی فوجی کارروائی جاری رہےگی یہ کوششیں نامکمل رہیں گی۔ انہوں نےکہاکہ حماس ہمیشہ مذاکرات کیلئے تیار ہے اور چاہتی ہے کہ فلسطینیوں کوایک آزاد، خودمختار ریاست کےاندر آزادی اور وقار کے ساتھ رہنے کا حق دیا جائے۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے ذریعے اپنی قیادت کا تعین کرنے کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے حماس کی جانب سے غزہ میں گورننگ اتھارٹی سے دستبردار ہونے کی پیشکش کی بھی توثیق کی اور کہا کہ حماس مکمل انتظامی کنٹرول کسی بھی قومی سطح پر متفقہ فلسطینی ادارے کے حوالے کرنے کے لیے تیار ہے۔


































