
رام اللہ : فلسطینی صدر محمود عباس نے اسرائیلی زبان بولتے ہوئے حماس کو کتے کے بچے قرار دے دیا اور مطالبہ کیا کہ حماس اسرائیلی قیدیوں کو رہا کردے۔ محمود عباس نے ٹیلی ویژن پر خطاب میں کہا کہ حماس غزہ میں اپنی ذمہ داری سے دستبردار ہو جائے، اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کر کے خود کو ایک سیاسی جماعت میں تبدیل کر دے۔ انہوں نے کہا کہ حماس نے اسرائیل کے مجرمانہ قبضے کے بہانے غزہ میں جرائم کا ارتکاب کیا ہے جن میں نمایاں ترین قیدیوں کو رکھنا ہے۔ اس کی قیمت میں ادا کر رہا ہوں، ہمارے لوگ کر رہے ہیں، اسرائیل نہیں۔ قیدیوں کو واپس اسرائیل کے حوالے کر دو۔ عباس نے سات اکتوبر کے حملے پر حماس کو تنقید کا نشانہ بنایا جس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو غزہ کو تباہ کرنے کا بہانہ فراہم کیا گیا۔ عباس نے عالمی رہنماؤں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیل کو غزہ میں جنگ ختم کرنے، اپنی فوجیں نکالنے اور یہودی آباد کاری کی سرگرمیاں ختم کرنے پر مجبور کریں۔


































