
غزہ : حماس نے غزہ میں عارضی جنگ بندی کی تجویز مسترد کردی ہے۔ حماس کے ترجمان محمد نازل نے کہا ہےکہ حماس نے جنگ بندی کے لیے پانچ ملکوں کی گارنٹی مانگی ہے۔ حماس کے ترجمان کے مطابق فلسطینیوں کو امریکہ پر اعتماد نہیں ہے۔ امریکی صدر کی جانب سے حماس کے مطالبات کو بلاجواز کہنے کے بیان پر ان کا کہنا تھا کہ امریکہ سے فلسطینیوں کو خیر کی کوئی امید نہیں ہے۔ جن ممالک سے حماس نے گارنٹی مانگی ہیں ان میں مصر، قطر، متحدہ عرب امارات، ترکی اور روس شامل ہیں۔ حماس نے واضح کیا ہے کہ صرف مستقل جنگ بندی کی صورت میں ہی اسرائیلی یرغمالیوں کو رہا کیا جائے گا۔ قطری وزیراعظم نے تجویز پر دیئے جانے والے جواب کو مثبت قرار دیا ہے اور کہا کہ غزہ میں دیرپا امن کے لیے حماس کے جواب پر اسرائیل کی جانب سے غور کیا جارہا ہے۔اسرائیلی اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ نیتن یاہو اپنی حکومت کو طول دینے کیلئے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی واپسی کے معاملے کو بلاضرورت طول دے رہے ہیں۔


































