
غزہ : حماس نے معاہدے پر مکمل عملدرآمد نہ کرنے پر ہفتے کو کی جانیوالی اسرائیلی قیدیوں کی رہائی مؤخر کردی۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے ترجمان ابو عبیدہ نے کہا ہے کہ گزشتہ 3 ہفتوں کے دوران مزاحمتی گروہوں نے اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کی متعدد خلاف ورزیوں کو نوٹ کیا جن میں بے گھر فلسطینیوں کی شمالی غزہ واپسی میں تاخیر کرنا اور ان پر بمباری کرنا بھی شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے متعدد علاقوں میں طے شدہ طریقے کے مطابق امداد بھی نہیں پہنچائی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ رہائی اس وقت تک نہیں ہوگی جب تک اسرائیل معاہدے میں طے شدہ نکات پر عمل نہیں کرتا اور اس حوالے سے ہونے والے نقصان کی تلافی نہیں کرتا۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ جب تک اسرائیل جنگ بندی معاہدے پر عمل کرتا رہے گا تب تک ہم بھی معاہدے پر عمل درآمد کریں گے۔


































