
تل ابیب: اسرائیلی فوج کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ حماس نے کئی برسوں تک اسرائیلی فوجیوں کی سوشل میڈیا پوسٹس، تصاویر اور ویڈیوز کا باریک بینی سے مطالعہ کرکے حساس فوجی معلومات جمع کیں۔ اسرائیلی ریڈیو کی رپورٹ کے مطابق جمع کی گئی معلومات میں فوجی اڈوں، گاڑیوں اور خصوصاً جدید ترین مرکاوا مارک فور ٹینک کے آپریشنز سے متعلق ڈیٹا شامل تھا۔ اسی معلومات کی بنیاد پر سات اکتوبر دو ہزار تئیس کے حملے میں حماس نے متعدد ٹینک ناکارہ بنائے اور کئی فوجی اڈوں پر کامیاب حملے کیے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ایک خصوصی انٹیلی جنس یونٹ نے ہزاروں سوشل میڈیا پوسٹس کو جوڑ کر کئی سال کی محنت سے ایک جامع ڈیٹا بیس تیار کیا۔ اس ڈیٹا میں ٹینکوں کے ایسے خفیہ فیچرز بھی شامل تھے جو عام طور پر صرف فوجیوں کو ہی معلوم ہوتے ہیں، جیسے مرکاوا مارک فور ٹینک کا خفیہ ’کِل سوئچ‘ جس کے ذریعے ٹینک کو مکمل طور پر بند کیا جا سکتا ہے۔ حماس نے یہ طریقہ کار نہال عوز فوجی اڈے سمیت سرحدی بیسز پر حملوں میں استعمال کیا۔


































