
غزہ: حماس نے فلسطینی صدر محمود عباس کے بیان کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔ حماس کے سینیئر اہلکار باسم نعیم نےکہاکہ محمود عباس کے ریمارکس توہین آمیز تھے۔ وہ بار بار اسرائیلی جرائم اور جارحیت کا ذمہ دار مزاحمت کاروں کو قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمود عباس ہمارے لوگوں کی قربانیوں، جدوجہد اور قیدیوں کے مصائب کو نظر انداز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فلسطینی قیادت کے بیانات کی مذمت کرتے ہیں جو مزاحمت کو جرم قرار دیتے ہیں اور کئی دہائیوں سے ہمارے لوگوں کے خلاف جاری جرائم،غزہ کے خلاف نسل کشی کی جنگ، مغربی کنارے اور یروشلم کا الحاق اور بہادر قیدیوں کی طرف سے برداشت کیے جانے والے شدید مصائب کو فراموش کردیتے ہیں۔ باسم نعیم نے کہا کہ محمود عباس جارحانہ تقریر کے لیے معافی مانگیں اور تقسیم کو تقویت دینے والے اور صیہونی مرضی کے مطابق کئےگئے تمام اقدامات کو واپس لے۔ ہم ان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام کو گلے لگائیں اور ان کے انتخاب کی طرف لوٹ آئیں اور ہتھیار ڈالنے اور سمجھوتے کے مضحکہ خیز راستے پر چلنا چھوڑ دیں۔


































