
غزہ : حماس نے اسرائیلی جیلوں میں فلسطینی اسیروں کے منظم قتل کو روکنے کے لیے فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ حماس کے سینیئر اہلکار محمود مرداوی نے قیدیوں کے حقوق سے وابستہ بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی جیلوں میں فلسطینیوں کے منظم طریقے سے قتل کے سلسلے میں اپنے فرائض کو پورا کریں. محمود مرداوی نے ایک بیان میں کہا کہ ریڈ کراس کی بین الاقوامی کمیٹی کی سربراہی میں یہ ادارے فلسطینی اسیروں کے حالات پر نظر رکھنے کے پابند ہیں۔ انہیں قیدیوں پر منظم تشدد اور روزمرہ کے ناروا سلوک کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنا چاہئیں۔ مرداوی نےکہاکہ بین الاقوامی قانون کے تحت اسرائیلی حکومت کے خلاف پابندیاں عائد کی جانی چاہئیں، قیدیوں کے حقوق کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور ان کے جرائم کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جائے۔


































