
فلسطین کی مزاحمتی تحریکوں حماس اور اسلامی جہاد نے امریکی دہشت گردانہ حملے میں عراق میں کتائب حزب اللہ کے کمانڈر ابو باقر الساعدی کی شہادت کی مذمت کی ہے۔ فلسطینی مزاحمتی گروہوں نے مغربی ایشیا میں امریکہ کی بار بار جارحیت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کی تباہی کے بغیر خطے میں امن و استحکام واپس نہیں آئے گا۔ حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نے وحشیانہ حملہ کیا، یہ عراق کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی ہے، جس کا مقصد صیہونی غاصب حکومت اور اس کے توسیع پسندانہ منصوبوں کی سرپرستی کرنا ہے۔
عراقی عوام کو تعزیت پیش کرتے ہوئے اس فلسطینی تحریک نے تاکید کی کہ ہم امریکی صدر بائیڈن کی حکومت کو غزہ کی پٹی میں فلسطینی عوام کے خلاف نازیوں کی جنگ اور ان کی نسل کشی کی میں حمایت کی وجہ سے خطے میں کشیدگی میں اضافے کا ذمہ دار سمجھتے ہیں۔ اسلامی جہاد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ امریکی حکومت، ہمارے عوام اور قوم کے خلاف اپنے جارحانہ رویہ کے ساتھ، خطے میں تنازعات کو ہوا دینے، صیہونی حکومت کی حفاظت اور فلسطینی عوام کے خلاف جنگ کی حمایت کرنا چاہتی ہے۔


































