
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ سید علی خامنہ ای نے کہاہے کہ مسلم ممالک پر لازم ہے کہ وہ متحد ہو کر غزہ اور یمن کے عوام پر ہونے والے فتنوں کی روک تھام کریں۔ اداره حج کے منتظمین اور زائرین بیت اللہ سے خطاب میں ولی امر مسلمین نے کہا کہ حج ایک ایسی عبادت ہے جس کی ظاہری شکل، ساخت اور ترکیب مکمل طور پر سیاسی ہے۔ اتنی بڑی تعداد میں حجاج کا جمع ہونا بذات خود ایک سیاسی اجتماع ہے۔
آیت اللہ خامنہ ای نے مزید کہا کہ حج کی سیاسی حیثیت کو کم کرنے والوں کے دعوؤں کے برعکس حج کی حقیقت اور اس کی ہیئت سراسر سیاسی ہے۔ اس کا انداز، اس کی ساخت اور سب کچھ سیاسی ہے۔ انہوں نےکہا کہ حج کا اجتماع انسانیت کے فائدے کے لیے ہے اور امت اسلامیہ کیلئے اتحاد سے بڑھ کر کوئی فائدہ نہیں ہے۔ اگر مسلمانوں کے درمیان اتحاد ہوتا تو فلسطین اور غزہ کے واقعات رونما نہیں ہوں گے اور یمن اس انداز میں مشکلات میں نہیں پڑے گا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ تقسیم اور اختلاف استعمار، امریکہ، صیہونی حکومت اور دیگر توسیع پسندوں کے لیے اپنے مفادات اور عزائم کو دوسری اقوام پر مسلط کرنے کی راہ ہموار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحاد امت سے، اسلامی ممالک کے درمیان سلامتی، ترقی اور ہم آہنگی اور ان کی ایک دوسرے کی مدد ممکن ہوتی ہے۔ حج کے موقع کو اسی روشنی میں دیکھنا چاہیے۔


































