
بغداد: عراق کی الفتح پارلیمانی اتحاد کے سربراہ ہادی العامری نے کہا ہے کہ فلسطینی استقامت کی کارروائی صیہونی حکومت کے وحشی پن کے خلاف ردعمل ہے۔ یورپ والوں نے مسلمانوں کے ساتھ دشمنی کی بنا پر صیہونیوں کے جرائم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے۔ ہم صیہونیوں کے ساتھ جنگ میں پوری طاقت کے ساتھ فلسطینی عوام کی حمایت کریں گے۔ ہادی العامری نے مزید کہا کہ جنگ کا دائرہ پھیلانے کی ہر کوشش کی ذمےداری امریکہ پر عائد ہوگی اور سات ہزار فلسطینیوں کا شہید اور زخمی ہونا بھی واشنگٹن کی غیر محدود حمایت کا نتیجہ ہے۔ ہادی العامری نےخبردارکیا کہ اگر امریکہ نے مظلوم فلسطینی عوام کے مقابلے اور صیہونی حکومت کی حمایت کے لئے جنگ میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا تو اسے سخت شکست ہوگی۔


































