
نیویارک : سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ غزہ میں دو سال کی تباہ کن جنگ کے بعد بالآخر آگے بڑھنے کا ایک راستہ نظر آ رہا ہے۔ اقوامِ متحدہ کےسربراہ کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے بتایا کہ انتونیو گوتریس نے غزہ سے متعلق قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا۔ اسٹیفن دوجارک نے کہا کہ سیکریٹری جنرل تمام فریقوں پر زور دیتے ہیں کہ جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ موجودہ سفارتی رفتار کو فوری اور عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اقوام متحدہ اس قرارداد کے تحت تفویض کردہ کردار ادا کرے گا اور غزہ میں شہریوں کی ضروریات کے مطابق انسانی امداد میں اضافہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ کے منصوبے کے دوسرے مرحلے کی جانب بڑھنا ناگزیر ہے، جو دو ریاستی حل کے لیے سیاسی عمل کی راہ ہموار کرے گا۔


































