
احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات میں ہندوتوا شرپسندوں نے یونیورسٹی ہاسٹل میں گھس کر غیرملکی طلبا پر حملہ کردیا۔ جس سے پانچ طلبا زخمی ہوگئے۔ احمد آباد میں گجرات یونیوسرٹی کے ہاسٹل میں غیرملکی طلبا چھت پر نماز تراویح پڑھ رہے تھے کہ شرپسند اندر گھس گئے اور نمازیوں کو مارا پیٹا۔ ہاسٹل کے کمروں میں توڑ پھوڑ اور موٹرسائیکلوں کو بھی نقصان پہنچایا۔ حملے میں 5 طلبا زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ طالب علموں کا کہناہے کہ شرپسند لاٹھیوں اور چاقوؤں سے لیس تھے اور انہوں نے کمروں میں توڑ پھوڑ کی۔ سکیورٹی گارڈ نے ہجوم کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ مشتعل افراد کو روکنے میں کامیاب نہ ہوئے۔ طالب علموں کا تعلق افغانستان، سری لنکا، ترکمانستان اور افریقی ممالک سے ہے۔ پولیس نے واقعہ کی ایف آئی آر درج کرلی ہے اور ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے۔ صوبائی وزیر داخلہ ہرش سنگھاوی نے اعلٰی پولیس افسران کو ملزمان جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے.


































