
غزہ : اسرائیل کے حملے میں غزہ کے شہر رفح، خان یونس، دیرالبلاح میں دو سو سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔ اسرائیلی فوج نے رفح میں 160 سے زائد حملے کیے ہیں۔ سی آئی اے چیف بھی مذاکرات کے لیے قاہرہ پہنچ گئے ہیں۔ عالمی بے حسی اور امریکی مدد سے اسرائیلی فضائیہ نے غزہ کے شہر رفح میں قیامت ڈھادی ہے۔حملوں میں 160 فلسطینی شہید ہوگئے۔ رفح کے اسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈ ختم ہوچکے ہیں۔ خان یونس میں اسرائیلی فوج کے حملے میں 30 اور دیر البلح میں 10 افراد شہید ہوئے ہیں۔ پناہ گزینوں کے لیے سردی اور بھوک کے ساتھ اسرائیلی بمباری بھی مسئلہ بن گئی ہے۔ سترہ لاکھ کی آبادی کے شہر میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ ادھر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے غزہ کے شہر رفح پر حملے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی عالمی دباؤ کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔


































