
تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے سیاسی طریقے اپنانے، اقوام متحدہ کی قراردادوں پر توجہ مرکوز کرنے، فلسطینی عوام کے حقوق کی تکمیل اور غزہ پٹی میں نسل کشی کو روکے جانے پر زور دیا ہے۔ تہران میں ہنگری کے وزیر خارجہ کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران غزہ یا دنیا میں کہیں بھی جنگ کو مسائل کا حل نہیں سمجھتا اور جنگ کو یمن تک گھسیٹنے کی امریکا اور برطانیہ کی کوششیں ایک اسٹریٹیجک غلطی ہے۔ انہوں نے ہنگری کے وزیر خارجہ سے کہا ہے کہ وہ غزہ میں جنگ کو رکوانے اور خطے میں پائیدار سلامتی کی بحالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔ ہنگری کے وزیر خارجہ پیٹر سیارٹو نے بھی غزہ کی پٹی میں جنگ کے جاری رہنے اور مغربی ایشیائی علاقے میں عدم تحفظ کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا۔


































