
لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے دوران 50 فیصد پولنگ اسٹیشنز کو حساس یا انتہائی حساس قرار دیدیا۔ ذرائع کے مطابق حساس اور انتہائی حساس قرار دیئے جانے والے پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 46 ہزار 65 ہے، الیکشن کمیشن نے 27 ہزار 628 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جبکہ 18 ہزار 437 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب میں 12 ہزار 580 پولنگ اسٹیشنز حساس اور 6 ہزار 40 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب میں 32 ہزار 324 پولنگ اسٹیشز نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سندھ کے 6 ہزار 545 پولنگ اسٹیشنز حساس، 6 ہزار 524 انتہائی حساس اور 5 ہزار 937 پولنگ اسٹیشنز نارمل قرار دیئے گئے ہیں اسی طرح خیبرپختونخوا کے 6 ہزار 166 پولنگ اسٹیشنز کو حساس، 4 ہزار 143 کو انتہائی حساس اور 5 ہزار 388 پولنگ اسٹیشنز کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔
بلوچستان میں کل 5 ہزار 28 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے صرف 961 نارمل قرار دیئے گئے ہیں، بلوچستان کے 2 ہزار 337 پولنگ اسٹیشنز حساس، 1 ہزار 730 انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے لیے ملک بھر میں 90 ہزار 675 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔


































