
جنیوا : انسانی حقوق کی تنظیم ایمنسٹی اور برطانوی فلاحی ادارے آکسفیم نے غزہ کی صورتحال تباہ کن قرار دیدی۔ اور کہا اسرائیل نے فلسطینیوں کیلئے کوئی جگہ محفوظ نہ چھوڑی ۔برطانوی فلاحی ادارے آکسفیم کے پروگرام مینجر برائے معاشی انصاف مصطفیٰ تمیزے نے ترک میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ اسرائیلی جارحیت نے غزہ میں ایک اسکوائر میٹر جگہ بھی محفوظ نہ چھوڑی ۔ ستم رسیدہ شہر کا چپہ چپہ اسرائیلی مظالم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے اسرائیلی اقدامات فلسطینیوں کیلئے اجتماعی سزا قرار دئیے اور کہا جنگ سے قبل ہی غزہ کومحض 12 گھنٹے بجلی ملتی تھی۔ اب تصور کریں کہ لوگ کیسے جی رہے ہوں گے اسپتالوں کا کیا حال ہوگا۔ دوسری جانب ایمنسٹی نے کہا ہے کہ اہل غزہ کیلئے کوئی محفوظ راستہ نہیں وہ کہیں نہیں جاسکتے۔ ایمنسٹی نے 6 ویڈیوز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی فوج نے صلاح الدین کے علاقے میں اپنی جانب سے محفوظ قرار دئیے گئے راستے کو بھی نشانہ بنایا جس میں کل 70 افراد مارے گئے پہلے حملے میں ایک قافلے کو نشانہ بنایا پھر امداد کیلئے آنے والی ایمبولینس پر بھی حملہ کیا۔


































