
تہران: اکتالیسویں بین الاقوامی قرآنی مقابلے کے شرکاء نے تہران میں ولی امر مسلمین آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ایران اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے قاریان اور حافظان نے انفرادی اور اجتماعی صورت میں تلاوت قرآن کریم سے حاضرین کو مسرور کیا۔ اس موقع پر ولی امر مسلمین نے اپنے خطاب میں حضرت امام حسین علیہ السلام کے یوم ولادت پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اعجاز قرآن اور معجزات نبوی کا تسلسل کائنات کے لیے ایک عظیم نعمت ہے۔ خدا پر توکل کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں یقین ہونا چاہئے کہ خدا کے حکم سے ناممکن ممکن ہو جاتا ہے۔ اگر کوئی کہتا کہ غزہ امریکی حکومت جیسی بڑی طاقت سے لڑے گا اور غزہ اس پر غالب آجائے گا، تو کیا آپ یقین کرتے؟ آپ اس پر یقین نہیں کرتے۔ یہ ناممکنات میں سے ہے، لیکن اللہ کے حکم سے یہ ممکن ہوگیا۔ انشاء اللہ غزہ صیہونی حکومت پر غالب آجائے گا۔ انہوں نےکہا کہ ایرانی قوم میں امریکہ مردہ باد کہنے کی ہمت ہے، امریکہ جارح اور دروغگو ہے۔ پچھلے چالیس برس میں دنیا کی تمام استکباری طاقتوں نے ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کی لیکن ایرانی قوم کو نہ صرف نقصان نہیں پہنچا بلکہ اس نے ترقی کی ہے۔


































