
جنیوا: ریڈ کراس نے اسرائیلی حملوں میں تباہ غزہ کی صورتحال کو زمین پر جہنم قرار دے دیا۔جنیوا میں میڈیا سے گفتگو میں ریڈ کراس کی سربراہ مرجانا سپولجارک نے کہا کہ غزہ میں ہم خود کو ایسی صورتحال میں دیکھ رہے ہیں جہاں لوگوں کے پاس پانی، بجلی اور خوراک موجود نہیں ہے۔ ریڈکراس کے فیلڈ اسپتال میں دو ہفتوں کے اندر سپلائی بھی ختم ہوجائے گی۔انہوں نے کہاکہ غزہ میں جو کچھ ہورہا ہے۔ اس نے بین الاقوامی قانون کو انتہائی کھوکھلا کردیا ہے۔ مرجانا سپولجارک نے کہا کہ کوئی بھی ریاست یا تنازع کا کوئی فریق جنگی جرائم ۔ نسل کشی اور نسلی تطہیر کا ارتکاب نہ کرنے کا پابند ہے اور وہ ان ذمہ داریوں سے مستثنیٰ نہیں ہو سکتا یہی آفاقی اصول بھی ہے۔


































