
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ مزاحمت زندہ ہے اور زندہ رہے گی۔ صیہونی درندگی کے باجود غزہ فتحیاب ہوا۔ نجی شعبے سے وابستہ بعض صنعت کاروں اور سرگرم افراد سے ملاقات میں ولی امر مسلمین نے غزہ میں جنگ بندی اور غزہ کی فتح کو، مزاحمت کے زندہ ہونے اور زندہ رہنے کی پیشگوئی کے عملی جامہ پہننے کی کھلی نشانی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وسائل نہ ہوتے تو صیہونی حکومت ابتدائی کچھ ہفتوں میں ہی گھٹنے ٹیک چکی ہوتی۔ جو کچھ دنیا کی نظروں کے سامنے ہو رہا ہے وہ ایک افسانے کی طرح ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی اقدار کی پرواہ نہ کرنے والی امریکا جیسی ایک بڑی جنگی مشین نے اپنے بنکر بلسٹر بم ظالم اور خونخوار صیہونی حکومت کو دیے اور وہ سفاک و بے رحم حکومت پندرہ ہزار بچوں پر ان کے گھروں اور اسپتالوں پر بمباری کرکے اپنے اہداف حاصل نہ کر سکی۔ انہوں ںے کہا کہ پندرہ ماہ تک بہیمانہ جرائم کے باوجود صیہونی حکومت حماس کی نابودی اور غزہ میں مزاحمت سے عاری انتظامیہ لانے سمیت کوئی ہدف حاصل نہ کرسکی۔ بلکہ وہ اسی حماس کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بیٹھنے اور جنگ بندی کے لیے اس کی شرطوں کو ماننے پر مجبور ہو گئی۔
انھوں نے غزہ کے معاملے میں مزاحمت کی شادابی اور فتحیابی کو استقامت کی صورت میں فتح عطا کرنے کی الہی سنت کے عملی جامہ پہننے کا مصداق بتایا۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی خدا کے اچھے بندوں کی جانب سے مزاحمت و استقامت ہوگی، وہاں فتح یقینی ہے.
ولی امر مسلمین نے کہا کہ ایران کے کمزور ہونے کے خیالی پلاؤ پکانے والے جان لیں کہ مستقبل بتائے گا کہ کون کمزور ہوا۔ صدام نے ریگن کی مدد سے یہی سوچ کر حملہ کیا تھا لیکن دونوں ہی جہنم رسید ہوگئے۔ جبکہ اسلامی جمہوریہ روز بروز ترقی و پیشرفت کرتی رہی، اللہ کے فضل و کرم سے یہ تجربہ دوہرایا جائے گا۔ انہوں نے تجارتی لین دین سے جہاں تک ممکن ہو ڈالر کو ختم کیے جانے کو ضروری بتایا۔ آیت اللہ خامنہ ای نے دشمنوں کی جانب سے مایوسی اور ناامیدی کا ماحول بنانے کی کوششوں کے پیش نظر معاشی شعبے میں سرگرم افراد کی رپورٹوں کو پیشرفت اور حیات کا سبب بتایا اور کہا کہ افسوس کہ میڈیا کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے جوان، طلباء اور دوسرے طبقے ان اچھی خبروں اور حاصل کی گئي پیشرفتوں سے مطّلع نہیں ہیں اور اس کام کے ذمہ داروں کو اس سلسلے میں میڈیا پر ایک اہم کام کی منصوبہ بندی کر کے اسے پیش کرنا چاہیے۔


































