
جنیوا : اقوام متحدہ کے انسانی امداد کے ادارے اوچا نے غزہ کو امدادی کارکنوں کے لیے دنیا کا سب سے خطرناک مقام قرار دے دیا۔ اوچا کی نائب سربراہ جوائس مسویا نے کہا کہ فلسطینی ہلال احمر سوسائٹی کی ٹیموں نے تین روز پہلے غزہ میں اجتماعی قبر سے 15 ہنگامی اور امدادی کارکنوں کی لاشیں برآمد کیں جو فلسطینیوں کی جان بچانے کی کوشش میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں مارے گئے.
اوچا کے سینئر اہلکار جوناتھن وائٹل نے غزہ پراسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے حدود کے بغیر جنگ قرار دیا ہے۔ اسرائیلی حملے کسی قانون و ضوابط کے پابند نہیں ہیں ۔ امدادی کارکنوں کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غزہ میں کہیں اور کوئی بھی محفوظ نہیں ہے کیونکہ خوراک حاصل کرنے کی کوشش کے دوران متاثرین پر بمباری کی جاتی ہے اور امدادی ڈپو تباہ ہو جاتے ہیں۔


































