
دوحہ : امریکی صدر ٹرمپ کی غزہ بیچ ریزورٹ کی ویڈیو کو حماس نے مضحکہ خیز اور ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔ حماس رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ غزہ کوئی ایسی جائیداد نہیں جسے خریدا یا بیچا جاسکے، یہ مقبوضہ فلسطینی سرزمین کا اٹوٹ حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام نقل مکانی اور ملک بدری کے تمام منصوبوں کو ناکام بنائیں گے اور غزہ کی آزادی اور خود مختاری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
حماس کے ترجمان خالد قدومی نے بھی اس منصوبے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے اور غزہ کی تعمیرِ نو اور مضبوطی کے لیے پُرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ویڈیو جاری کی جس میں غزہ کو امریکی قبضے کے بعد ایک جدید اور خوش حال شہر کے طور پر دکھایا گیا ہے۔


































