
غزہ : غزہ پر حملوں میں اب تک اقوام متحدہ کی تین سو سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا یا اُنہیں مکمل تباہ کردیا گیا۔ انروا کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا ہے کہ غزہ میں جارحیت سے بے گھر ہونے والوں کے پاس جانے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ عمارتوں کا ملبہ بھی اسرائیل کا ہدف بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج نے جبالیہ میں انروا کے تباہ شدہ صحت مرکز کو نشانہ بنایا جہاں سات سو متاثرین نے پناہ لے رکھی تھی۔ حملے میں نوزائیدہ سمیت نو بچے بھی شہید ہوئے۔ لازارینی نے مزید کہا کہ غزہ پر اسرائیلی بمباری کے دوران سات سو ایسے متاثرین بھی شہید ہوئے جنہوں نے اقوام متحدہ کی عمارتوں میں پناہ حاصل کر رکھی تھی۔ لارازینی نے اس بات پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کی تنصیبات، عملے اور آپریشنز کو نظر انداز کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اُنہوں نے اقوام متحدہ کی تنصیبات پر حملوں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔


































