
اسلام آباد: نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر کا کہنا ہے کہ حکومت کو جنوری 2024 سے گیس کی قیمتیں پھر بڑھانا ہوں گی تاکہ گردشی قرض میں اضافہ نہ ہو۔ آئی ایم ایف کو توانائی شعبے کے ٹیرف پر نظرثانی سے آگاہ کردیا گیا۔ نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نےآئی ایم ایف سے مذاکرات پر نیوز بریفنگ میں کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ ہوگیا ہے، اسٹاف لیول معاہدے کے بعد امید ہے آئی ایم ایف کا ایگزیکٹیو بورڈ بھی جلد منظوری دے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت نے آتے ساتھ ہی اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ پر عملدرآمد کیا، آئی ایم ایف نے مالیاتی استحکام پر زور دیا ہے، مالی استحکام کے لیے ترقیاتی کاموں کو روکا نہیں جائے گا۔


































