تحریر: ڈاکٹر راشد عباس نقوی
افغانستان کے لیے امریکا کے خصوصی نمائندے تھامس ویسٹ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کو داعش سے منسلک گروپوں کے حملوں میں اضافے اور افغانستان میں القاعدہ کی مسلسل موجودگی پر تشویش ہے۔ امریکی حکام کا خیال ہے کہ داعش چھ سے 12 ماہ میں افغانستان سے باہر حملے کرنے کی صلاحیت حاصل کرسکتی ہے اور القاعدہ بھی ایک سے دو سال میں ایسا کرسکتی ہے۔ تھامس ویسٹ نے کہا ہے کہ "واشنگٹن کو داعش کے حملوں میں اضافے پر تشویش ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ طالبان ان کے خلاف کامیاب ہوں۔” انہوں نے مزید کہا: "جب افغانستان میں دوسرے گروپوں کی بات آتی ہے تو القاعدہ وہاں موجود رہتی ہے اور ہمیں اس پر بہت تشویش ہے۔ امریکہ کے خصوصی نمائندے برائے افغانستان کا افغانستان میں داعش کے حملوں کے ساتھ ساتھ بیرون ملک ممکنہ حملوں کے بارے میں تشویش کا دعویٰ، اس دہشت گرد گروہ کی تشکیل اور توسیع میں واشنگٹن کے کردار کو دیکھتے ہوئے حیران کن ہے۔
بنیادی طور پر امریکہ داعش کے ظہور میں اپنے کردار پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ داعش سب سے پہلے عراق میں بعث پارٹی کے باقی ماندہ عناصر اور دنیا کے مختلف حصوں سے عراق میں جمع ہونے والے سلفیوں اور تکفیریوں کی شمولیت سے وجود میں آئی اور اس نے تیزی سے اپنی سرگرمیاں عراق سے شام تک پھیلا دیں۔ مغرب کے رہنماء کے طور پر امریکہ نے اپنے مغربی اور عرب شراکت داروں کے ساتھ مل کر داعش سمیت تکفیری دہشت گردوں کو وسیع پیمانے پر مدد فراہم کی۔ واشنگٹن کا ہدف شام کی جائز حکومت کا تختہ الٹنا اور مزاحمت کے بلاک کو کمزور کرنا تھا اور وہ ان دہشت گرد گروہوں کو ختم کرنے کا ذریعہ سمجھتے تھے۔ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داعش کی تشکیل میں صدر باراک اوباما اور اس وقت کی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کے براہ راست کردار کے بارے میں متنازعہ تبصرہ کیا ہے۔ ٹرمپ نے جنوری 2016ء میں انتخابی مہم کے دوران کہا کہ "ہیلری کلنٹن نے اوباما کے ساتھ مل کر آئی ایس آئی ایس (داعش) کو بنایا۔” ٹرمپ کے ریمارکس عالمی رہنماؤں بشمول روسی صدر ولادیمیر پوتن کی جانب سے داعش کی تشکیل اور کارروائیوں میں وائٹ ہاؤس کے براہ راست کردار کے بارے میں بار بار لگائے گئے الزامات کی تصدیق ہیں۔
2011ء سے 2014ء تک امریکیوں نے ISIS کے لیے وسیع پیمانے پر حمایت حاصل کی اور رسد اور مالی امداد فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ عراق میں داعش کی کارروائیوں اور ملک کے بڑے حصوں پر قبضے کے بعد، اوباما انتظامیہ کے دور میں واشنگٹن نے اس دہشت گرد گروہ کو کنٹرول کرنے کا دعویٰ کیا اور یوں 2014ء میں داعش کے خلاف نام نہاد بین الاقوامی اتحاد قائم ہوا۔ امریکہ کا مقصد ISIS کو ایک کنٹرولڈ فریم ورک میں رکھنا ہے، تاکہ وہ اسے فائدہ اٹھانے کے لئے استعمال کرسکے۔ افغانستان میں بھی واشنگٹن نے حالیہ برسوں میں خاص طور پر شمالی افغانستان میں داعش کے عناصر کو نمایاں مدد فراہم کی ہے۔ روسی حکام نے بارہا اس بات پر زور دیا ہے کہ امریکہ نے اپنے مفادات اور مقاصد کے مطابق افغانستان میں داعش کو لاجسٹک اور ہتھیاروں کی امداد فراہم کی ہے۔ ماسکو نے اس بات پر زور دیا ہے کہ داعش کے دہشت گردوں کی حمایت کا ایک ذریعہ، براہ راست امداد کے علاوہ، اس وقت کی افغان حکومت کو امریکہ یا نیٹو کے دیگر ارکان کی طرف سے مناسب کنٹرول کے بغیر فراہم کی جانے والی فوجی امداد ہے، جسے اکثر اغوا کرکے داعش کے حوالے کیا جاتا ہے۔
اگست 2021ء میں افغانستان سے امریکی انخلاء کے بعد افغانستان میں داعش کے دہشت گردانہ حملوں کا دائرہ کار نمایاں طور پر بڑھ گیا ہے اور وہ سینکڑوں جانیں لے چکی ہے۔ امریکہ نے ہمیشہ داعش کو اپنے دشمنوں بالخصوص روس، چین اور ایران کے خلاف ایک آلہ کار کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی ہے اور افغانستان میں داعش کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ امریکہ کا بڑا مقصد پڑوسی وسطی ایشیائی ممالک جیسے تاجکستان، ازبکستان نیز روس اور چین پر دباؤ ڈالنا ہے۔ ایک سیاسی ماہر پیر محمد ملازئی نے کہا، "امریکہ نے افغانستان میں اپنی خالی جگہ داعش سے پُر کر دی ہے۔” داعش کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے والے تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں نہ صرف امریکی کارکردگی اور سوچ پر سوالیہ نشان ہے بلکہ یہ واضح ہے کہ واشنگٹن کی حمایت کے بغیر داعش کبھی بھی شام، عراق اور اب افغانستان میں اپنے جرائم کا ارتکاب کرنے کے قابل نہ ہوتی۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای نے اس بارے میں فرمایا ہے: "داعش سے وابستہ دہشت گرد عناصر کی افغانستان منتقلی سے امریکہ کا مقصد خطے میں اپنی فوجی موجودگی کا جواز فراہم کرنا اور صہیونی رژیم کی قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔” اسلامی جمہوریہ ایران نے خطے میں امریکی مفادات کو مجموعی اور جزوی سطح پر یعنی اسٹریٹجک میدان میں بھی اور ٹیکٹیکل میدان میں بھی خطرے میں ڈال رکھا ہے۔ بعض سیاسی ماہرین یہ عقیدہ بھی رکھتے ہیں کہ اگر خطے میں امریکہ کے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مزاحمت نہ ہوتی تو اب تک امریکہ تکفیری دہشت گرد گروہ داعش جیسے اپنے پراکسی مہروں کے ذریعے پورے خطے پر تسلط پیدا کرچکا ہوتا۔
































