
کراچی : بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کا146 واں یومِ پیدائش مِلّی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یومِ پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی۔ تقریب میں پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹس نے مزارِ قائد کی سیکیورٹی کی ذمے داریاں سنبھالیں۔ قوم کی جانب سے بانیٔ پاکستان کو سلام پیش کیا گیا اور ساتھ ہی قومی ترانہ پڑھا گیا، مہمانِ خصوصی نے اس موقع پر پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور دیگر اہم شخصیات نے بھی مزار قائدپر حاضری دی فاتحہ پڑھی اور پھول چڑھائے۔ بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح کے یوم پیدائش پر ملک بھر میں اسی مناسبت سے سیمینارز، کانفرنسز اور تقاریب منعقد ہوں گی۔ ان تقریبات میں بانی پاکستان کو ان کی گراں قدر خدمات اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار وطن پاکستان کے خواب کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے کی گئی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔


































