
کراچی : رواں سال اربعین امام حسین علیہ السلام پر ملک بھر میں نئے ریکارڈ قائم ہوگئے، کراچی، لاہور، راولپنڈی، کوئٹہ، پشاور، مظفرآباد سمیت ملک کے تمام ہی چھوٹے بڑے شہروں میں کروڑوں عزاداران سید الشہداء ؑ شریک ہوئے، تمام مرکزی جلوس عزا اپنی اپنی منزل مقصود پر بخیریت پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے، جلوسوں میں ملکی فضاءلبیک یاحسینؑ کے فلک شگاف نعروں سے گونجتی رہی، مختلف علاقوں سے ہزاروں عزاداران امام حسینؑ کئی کلومیٹر پیادہ روی کرکے مرکزی جلوسوں میں شامل ہوئے، جلوسوں کی گزرگاہوں پر پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئی ہیں، بڑے پیمانے پر نذر و نیاز بھی تقسیم کی گئی، کراچی میں مرکزی جلوس عزا نشتر پارک سے برآمد ہوا اور براستہ ایم اے جناح روڈ، صدر، تبت سینٹر، لائٹ ہاؤس اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادرپہنچ کر اختتام پذیر ہوا، مرکزی جلوس امام بارگاہ علی رضا ایم اے جناح روڈ پہنچا، جہاں عزاداران امام مظلومؑ نے باجماعت نماز ظہرین ادا کی، جلوس سے پہلے معروف خطیب علامہ سید شہنشاہ حسین نقوی نے مجلس عزا سے خطاب کیا، لاہور میں جلوس الف شاہ حویلی سے برآمد ہوا، عزاداران نے کشمیری بازار میں نمازِ ظہر ادا کی، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہوا، مخیر عزاداران حسینی کی جانب سے اربوں روپے لنگر، نیازاور سبیلوں پرخرچ کئے گئے، کوئٹہ میں علمدار روڈ سے برآمد کیا گیا علم، تعزیئے اور شبیہ ذوالجناح کے 22 ماتمی جلوس روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی آخری منزل پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔


































