
اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو خط لکھ دیا۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ آرمی چیف کو عمران خان نے خط سابق وزیر اعظم اور پارٹی سربراہ کی حیثیت سے لکھا ہے۔ فیصل چوہدری نے بتایا کہ خط چھ نکات پر مشتمل ہے۔ پہلا نقطہ فراڈ الیکشن اور منی لانڈرز کو جتوانے سے متعلق ہے، دوسرا نقطہ 26 ویں آئینی ترمیم، قانون کی حکمرانی اورعدلیہ متاثرہونے پر ہے۔ فیصل چوہدری کے مطابق خط میں چوتھا نقطہ پی ٹی آئی کے خلاف دہشتگردی کے پرچے، چھاپے اور گولیاں چلانے پر ہے جب کہ پانچواں نقطہ انٹیلی جنس اداروں کے کام سے متعلق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے خط میں کہا کہ سوشل میڈیا پر کریک ڈاؤن کرنے کے لیے پیکا قانون لایا گیا، پیکا قانون کو کرمنلائز کیا گیا، تنقید کا گلا گھونٹا گیا، صحافیوں کو دھمکیاں دینے سے سارا نزلہ فوج پر گررہا ہے۔ ملکی معیشت گھٹنوں پر ہے، حکومت نے روپے کی قدر روک کر معیشت کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ عمران خان نے خط میں سرمایہ کاری سب سے کم ہونے، انٹرنیٹ بند، جوڈیشل کمیشن بنانے اور پالیسیاں تبدیل کرنے کی درخواست بھی کی۔


































