
کوئٹہ: انتخابی مبینہ دھاندلیوں کیخلاف اپوزیشن اتحاد کا حکومت مخالف محاذ، تحفظ آئین پاکستان کے نام سے اپوزیشن جماعتوں نے تحریک کا اعلان کر دیا، پہلا جلسہ آج ہو گا۔
سردار اختر مینگل کی میزبانی میں 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے اجلاس میں عمر ایوب، محمود خان اچکزئی، لیاقت بلوچ، حامد رضا، علامہ راجہ ناصر عباس و دیگر شریک ہوئے، اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، اس موقع پر اپوزیشن جماعتوں نے محمود خان اچکزئی کو تحریک کا صدر نامزد کر دیا گیا۔
کوئٹہ میں 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ آج تاریخی اجلاس ہوا ہے، اپوزیشن اتحاد بننے جا رہا ہے یہ اس کا دوسرا اجلاس تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ،سنی اتحاد کونسل، جماعت اسلامی، بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوامیپ، مجلس وحدت مسلمین کی قیادت موجود ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ اس اتحاد کا بنیادی مقصد فارم 47 کی بنیاد پر بننے والی حکومت کو رَد کرنا ہے، بدقسمتی سے ایک ملک اور دو قوانین نافذ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ملک میں دو قوانین کے نظام کا خاتمہ چاہتے ہیں، لوگوں کے حقوق کا تحفظ تب ہو گا جب ملک میں ایک قانون ہو گا، ملک میں پارلیمنٹ کی بالادستی ہونی چاہئے۔
اس موقع پر عمر ایوب خان نے اپوزیشن اتحاد کے نام کا اعلان کیا، انہوں نے کہا کہ اتحاد کا نام "تحریک تحفظ آئین پاکستان” رکھا گیا ہے، اتفاق رائے کے ساتھ محمود خان اچکزئی کو اس تحریک کا صدر مقرر کردیا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ اس اتحاد کے پلیٹ فارم سے دو جلسے ہوں گے، ایک جلسہ پشین اور دوسرا جلسہ چمن میں ہوگا۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ ایک کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں جس میں ہر پارٹی کا نمائندہ شامل ہوگا، کمیٹی آئین کے اہم نکات پر ایکشن پلان مرتب کرے گی، اگلا اجلاس لاہور میں 29 اپریل کو ہوگا۔
اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کے صدر محمود خان اچکزئی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد میں شامل کوئی جماعت پاک فوج یا جوانوں کے خلاف نہیں، بہادر فوج ہی ہے جو سرحدوں کی حفاظت کرتی ہے اور لوگ سکون سے سوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چاہے کچھ بھی ہو ہم آئین کا دفاع کریں گے، آئین عمرانی معاہدہ ہے اس کے تحفظ کیلئے کل سے جلسے کریں گے، سول ادارہ ہو یا عسکری، کسی شخصیت، آفیسر کیلئے توسیع نہیں ہونی چاہئے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ ناصر عباس نے کہا کہ آئین پرحملہ درحقیقت پاکستان کے وجود پر حملہ ہے، پاکستان میں کھلے عام آئین کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے، ہماری آئین شکنوں سے لڑائی ہے۔
راجہ ناصر عباس نے کہا کہ ملک میں جنگل کے قانون سے بھی بدتر صورتحال ہے، ہم نے ملک کو آئین کے مطابق چلانا ہے، آئین پر چلنے سے ہی ملک خوبصورت گلدستہ بنے گا، عوامی جدوجہد سے آئین کی حکمرانی کو نافذ کریں گے۔


































