
نیویارک: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ غزہ میں فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایک بیان میں کہا ہےکہ فلسطینیوں کو غزہ کے جنوب میں دھکیلنے، محدود علاقوں میں قید کرنے یا انہیں غزہ سے باہر نکالنے اور غیر انسانی حالات مسلط کرنے کا کوئی بھی اقدام جنگی جرم کے مترادف ہوگا۔ ایمنسٹی کی عہدیدار ایریکا گویرا روزاس نے کہا کہ اسرائیل کے نئے منصوبے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام علاقے پر قبضہ ۔ طویل قیام اور آبادی کی اکثریت کو بے گھر کرنےکی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ایریکا گویرا روزاس نے تصدیق کی کہ انسانی امداد کو ہتھیار بنانے، جبری نقل مکانی پر مجبور کرنے، یا امتیازی امداد کی تقسیم کے زون قائم کرنے کی کوئی بھی کوشش بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوگی اور اسے مسترد کر دیا جانا چاہیے۔


































