
لاہور : جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے کہا ہےکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی کالعدم تنظیم کو بحال کیا گیا ہے اور اس کے ہزاروں کارکنوں اور عہدیداران پر سے مقدمات ختم کرکے رہا کر دیا گیا۔ جو ملی یکجہتی کونسل میں شامل مختلف جماعتوں کی حمایت، اہلسنت کی اہم تنظیموں کے سربراہوں اور مقتدر آستانوں کے مشائخ کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے،جنہوں نے صدر، وزیراعظم پاکستان، مختلف وزراء اور اہم اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کرکے ان پر واضح کیا کہ اس مسئلہ کو طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔تحریک لبیک کے ذمہ داروں کو یہ سوچنا چاہیئے کہ یہ اتنی بڑی کامیابی صرف اتحاد سے ممکن ہوئی ہے، لہذا دین کو تخت پر لانے کیلئے بھی اتحاد کی ضرورت ہوگی، اس کے بغیر یہ اس مشکل ترین منزل کا حصول ناممکن ہوگا، اتحاد کی طرف قدم بڑھایا جائے، تاکہ ملک میں اسلام کے خلاف جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کا تدارک ہوسکے ۔


































