
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اکثریت ہمارے پاس ہے، پاکستان تحریک انصاف وفاق میں اور کے پی کے میں حکومت بنائے گی اور پنجاب میں بھی ہم انشااللہ حکومت بنائیں گے ہم تقریباً اکثریت حاصل کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر نے رؤف حسن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن پُرامن ہوئے ووٹنگ کا عمل پانچ بجے مکمل ہو گیا تھا لیکن الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فریضے سے پہلے بھی ناکام ہو چکا تھا آخری مرحلے میں بھی الیکشن کمیشن فیل ہوگیا ،پاکستان تحریک انصاف کو جیتی ہوئی سیٹوں پر ہرایا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی اس فتح کو غلامی نامنظور کے نام سے منسوب کرتے ہیں، کس پارٹی کو جوائن کرنا ہے اس کا فیصلہ بھی جلد کرلیں گے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ جس کے پاس 50 سیٹوں کی اکثریت نہیں وہ حکومت بنانے کا بیان دیتے ہیں، وفاق میں تحریک انصاف حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کی جمہوریت کا اہم ترین دن ہے، ہم تین اسمبلیوں کو ختم کرتے ہوئے نئے انتخابات کی جانب بڑھے۔ بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کی مداخلت سے 8 فروری انتخابات کا فیصلہ ہوا، الیکشن کمیشن کی ذمے داری تھی کہ 2 بجے تک نتائج دیتے، صبح دس بجے تک نتائج کا عمل ہر صورت مکمل ہونا چاہیے تھا۔ پاکستان کے اداروں سے گزارش ہے کہ یہ عوام کی آواز ہے، سب سے درخواست ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم کیا جائے۔بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ ہم اپنی آزاد حکومت بنائیں گے، 15 دن کے اندر پراسس مکمل کر کے انٹرا پارٹی کی طرف جائیں گے، عوام نے تحریک انصاف کو بڑا مینڈیٹ دیا ہے، تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام لازمی ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں ہم سیاسی فیصلہ کریں گے، بانی پی ٹی آئی پر سارے کیسز جعلی ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین سے اتحاد کے بارے میں کہا کہ ان کی سیٹیں ہماری ہیں اور ہماری ان کی ہیں۔ ابھی انہیں جوائن کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔


































