
تل ابیب : تل ابیب کے قریب بیت یام شہر میں خالی بسوں میں دھماکوں سے خوف کی لہردوڑ گئی۔ بیت یام میں پارکنگ میں کھڑی خالی بسوں میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی۔ واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ صہیونی پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ تل ابیب میں تین بسیں دھماکوں سے متاثر ہوئیں۔ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، لیکن ابھی تک دھماکوں کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ علاقے سے دو بغیر پھٹے بم بھی ملے ہیں۔ پولیس کے مطابق، دھماکا خیز مواد جمعے کی صبح اس وقت پھٹنا تھا جب لوگ کام پر جا رہے تھے بسوں میں دھماکوں کے بعد مغربی کنارے کے بعض علاقوں کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا اور فلسطینیوں کی نقل و حرکت پر مزید پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو نے مقبوضہ مغربی کنارے میں آپریشن تیز کرنے اور حملوں کی روک تھام کیلئے اقدامات بڑھانے کا بھی حکم دیا ہے۔


































