
اسلام آباد: پاکستان اور ہندوستان نے ایک دوسرے کی تحویل میں موجود سات سو چھ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا ہے۔ پاکستان اور ہندوستان ہر سال یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کرتے ہیں۔ پاکستان نے سفارتی ذرائع سے اپنی جیلوں میں قید 254 قیدیوں اور ماہی گیروں کی فہرست حوالے کی۔ جبکہ ہندوستان نے اپنی جیلوں میں قید 452 قیدیوں کی فہرست شیئر کی۔ پاکستان نے لاپتہ 38 پاکستانی دفاعی اہلکاروں کی فہرست بھی ہندوستان کو دی ہے۔ جن کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 1965 اور 1971 کی جنگوں کے بعد سے ہندوستان کی تحویل میں ہیں۔ حکومت پاکستان نے ہندوستان میں اپنی سزا پوری کرنے والے تمام پاکستانی قیدیوں کی فوری رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان نے جسمانی اور ذہنی طور پر معذور قیدیوں تک خصوصی قونصلر رسائی کی درخواست بھی کی ہے۔


































