
غزہ: پہلے روزے میں بھی اہلیان غزہ پر بموں کی بارش جاری رہی۔ 24 گھنٹوں میں 68 فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے خان یونس اور غزہ سٹی میں حملے بڑھادئے ہیں۔ جنگی طیاروں نے دن بھر بیت رضوان، زیتون، خان یونس، دیرالبلاح اور جنوبی رفح میں مسلسل حملے کئے۔ حملوں میں کئی مکانات ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ حملوں میں شہید افراد میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ دوسری طرف بھوک اور غذائی قلت سے مزید پانچ بچوں نے دم توڑ دیا۔ جس کے بعد غذائی قلت سے جان گنوانے والوں کی تعداد تیس سے بڑھ گئی۔ شہر میں بدلتے موسم کے ساتھ بچوں میں وبائی امراض بھی بڑھ رہے ہیں ادویات نہ ہونے کی وجہ سے اور اسپتالوں کے غیر فعال ہونے کے باعث بچوں کی اموات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں یومیہ تیس سے چالیس افراد غذائی قلت سے دم توڑ رہے ہیں۔


































