
جنیوا : اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ یونیسیف کی کمیونیکیشن اسپیشلسٹ روزالیا بولن نے کہاہے کہ غزہ کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے ۔نقل مکانی کے احکامات متاثرین کے سخت مصائب کو بڑھا رہے ہیں۔ روزالیا بولن نےکہا کہ تل سلطان اور بیت حنون میں زمینی کارروائی کے آغاز سے پہلے اسرائیلی احکامات کے باعث سوا لاکھ فلسطینی دوبارہ نقل مکانی پر مجبور ہوئے۔ بولن نے کہا کہ فلسطینی اپنے ساتھ صرف چند اشیا ہی لے جانے کے قابل ہیں اور انہیں خوراک اور پانی کی فوری ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ غزہ میں بنیادی ڈھانچے کی مکمل تباہی نے صورتحال کو مزید خراب کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم خوفزدہ ہیں کہ آگے کیا ہو سکتا ہے۔ فوری طور پر جنگ بندی سب سے اہم اقدام ہے جو محصوراور بمباری کے شکار غزہ میں بچوں کی جانیں بچانے کے لیے اٹھایا جا سکتا ہے۔


































