
جنیوا : یورپی یونین نے غزہ کی صورتحال سے متعلق بین الاقوامی عدالت انصاف (آئی سی جے) کے احکامات پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کردیا۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں یورپی یونین کی سفیر لوٹے نوڈسن نے غزہ کی صورتحال پر کونسل کی رپورٹ پر اپنا ردعمل جاری کیا ہے. انہوں نے جنگ بندی کے بعد غزہ میں داخل ہونے والی انسانی امداد میں حالیہ اضافے کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے امداد کی تقسیم میں اقوام متحدہ کی ایجنسیوں بالخصوص انروا کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انسانی امداد کی رسائی کو مزید بہتر بنایا جائے۔ مغربی کنارے کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یورپی یونین مشرقی یروشلم سمیت مغربی کنارے میں مزید کشیدگی کی شدید مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے طریقہ کار کے ساتھ مکمل تعاون کرے۔


































